حکومت خیبر پختونخوا نے بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کرا دیا

by admin

حکومت خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں پلوں کی تعمیر، مرمت، ڈیزائن اور دیگر امور کے لیے ملکی تاریخ مین پہلی مرتبہ بریج کوڈ متعارف کروا دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے پریس سیکرٹری کے دفتر سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت خیبر پختونخوا نے بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کرا دیابیان میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا، محکمہ مواصلات اور تعمیرات کے تیار کردہ بریج ڈیزائن کوڈ وزیر اعلیٰ کو پیش کردیا گیا۔صوبائی حکومت نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبے بھر میں پلوں کی تعمیر کے لیے مجوزہ بریج کوڈ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، مذکورہ کوڈ کے تحت پلوں کی تعمیر، مرمت، ڈیزائن اور دیگر امور سے متعلق کم سے کم معیارات متعین کیے گئے ہیں۔وزیرعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ کوڈ پلوں کی تعمیر کے مسلمہ بین الاقوامی معیارات اور اصولوں کے عین مطابق تیار کیا گیا ہے، یہ کوڈ صوبے کے مخصوص موسمیاتی اور ارضیاتی حالات کو مد نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ یہ کوڈ متعلقہ سرکاری حکام اور متعلقہ شعبے کے ماہرین پر مشتمل کور ورکنگ گروپ نے تیار کیا ہے، کوڈ امریکن ایسوسی ایشن آف اسٹیٹ ہائی ویز  اینڈ ٹرانسپورٹیشن آفیشل سے لائسنس یافتہ ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں آئندہ تعمیر ہونے والے ہر طرح کے پلوں کے لیے ان معیارات پر عمل درآمد لازمی ہوگا، اس کوڈ کو قانونی حیثیت دینے کے لیے باقاعدہ قانون سازی بھی کی جائے گی۔مزید کہا گیا کہ پاکستان میں بریج ڈیزائن کوڈ نہ ہونے کی وجہ سے پل ٹوٹنے اور گرنے کے واقعات عام ہیں، 2022 کے سیلاب کے دوران صرف خیبر پختونخوا میں 107 پل ٹوٹ گئے تھے۔وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ 2010 کے سیلاب کے دوران صوبے میں 150 پلوں کو نقصان پہنچا تھا۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کرنے کی ضرورت بہت پہلے سے محسوس کی جا رہی تھی، بریج ڈیزائن کوڈ کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کوڈ متعارف کروانے کا مقصد پل گرنے کے حادثات میں انسانی جانوں اور عوامی وسائل کے ضیاع کو روکنا ہے، اس کوڈ پر عمل درآمد کے ذریعے  قدرتی آفات اور حادثات کے اثرات سے پلوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں پل ٹوٹنے اور گرنے کے واقعات میں کئی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، پلوں کے ٹوٹنے سے سرکاری خزانے کو بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کروانے کے بعد خیبر پختونخوا میں ہائی ویز کوڈ بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

You may also like

This digital platform is our effort to highlight the issues, achievements, and voices of Khyber Pakhtunkhwa and beyond. We strive to uphold journalistic integrity, foster meaningful discussions, and contribute to a well-informed public. Join us on this journey to make a difference through responsible journalism.

تازہ ترین مضامین

ایڈیٹرز کا انتخاب