صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایات پرخیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مردان، چارسدہ،خیبر اور سوات میں کارروائیوں کے دوران غیر معیاری جوس، چائنہ سالٹ، مس برانڈڈ مصالحہ جات ضبط جبکہ بیکری یونٹس اور گودام سیل کر دیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چارسدہ، خیبر، سوات اور مردان میں متعدد کارروائیاں کیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے چارسدہ کے رجڑ بازار میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ناقص صفائی پر تین بیکری یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔اسی طرح مردان میں فوڈ انسپکشن ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر جوس بنانے والے ایک یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں 650 لیٹر غیر معیاری جوس برآمد ہونے پر موقع پر تلف کیا گیا جبکہ 550 لیٹر پیک شدہ جوس ضبط کر کے یونٹ سیل کر دیا گیا۔ اسی شہر میں کارروائی کرتے ہوئے 15 کلو چائنہ سالٹ بھی برآمد کر لیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق سوات ٹیم نے بھی ایئرپورٹ روڈ پرکارروائی کے دوران ایک گودام سے 900 کلو گرام سے زائد مس لیبل مصالحہ جات ضبط کیے، جبکہ گودام کو سیل کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع انتظامیہ کیساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے باڑہ بازار میں گھی ملز کے معائنے کیے اور ایک گودام سے مس لیبل گھی پکڑ کر گودام کو سربمہر کر دیا گیا۔ غیر معیاری گوشت کی فروخت پر ایک قصائی کی دکان کو بھی سیل کر دیا گیا مزید تفصیلات کے مطابق مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرکے مزید قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔
Food Minister
صوبائی حکومت غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے،وزیر خوراک ظاہر شاہ
خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد نے پشاور میں ملاقات کی، جس کی سربراہی ہیڈ آف سپلائی، چین رائے ایشی کر رہی تھی۔ ملاقات کے د وران باہمی دلچسپی کے منصوبوں، فوڈ سکیورٹی کے اقدامات اور محکمہ خوراک کے جاری اصلاحاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خوراک نے وفد کو محکمہ خوراک میں جاری منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور فوڈ اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائی جا رہی ہیں۔ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کے مختلف امور کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر شعبوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوڈ سکیورٹی اور غذائی معیار کی بہتری کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد نے محکمہ خوراک کے جاری منصوبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ غذائی تحفظ کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ملاقات میں محکمہ خوراک کے ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق خان اور ڈائریکٹر فوڈ مسرت زمان بھی موجود تھے
خیبر پختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے،وزیر خوراک ظاہر شاہ
خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بیانات دینے کے لیے پنجاب کابینہ میں شامل کیا گیا ہے،ان کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کے پاس اپنے صوبے کے عوام کے لیے کچھ نہیں، اسی لیے وہ خیبر پختونخوا حکومت پر بے جا تنقید کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے پشاور سے جاری اپنیایک بیان میں کہا کہ مریم نواز کو علی امین خان گنڈا پور کی طرح عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ محض زبانی بیانات اور ذاتی تشہیر سے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔ظاہر شاہ طورو نے پنجاب حکومت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ میں شامل بیشتر وزراء کرپٹ مافیا کا حصہ ہیں اور ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صوبے کے عوام مزید اس جعلی حکومت کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور ہم عوام کی خدمت جاری رکھیں گے
مہنگائی اور غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی،وزیر خوراک ظاہر شاہ
خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کو ایک منظم ایجنڈے کے تحت مسلسل بدنام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے خرچ کرکے فارم 47 کی پیداوار سے توجہ ہٹانے کے لیے نامعلوم عناصر بدعنوانی کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حق فراہم نہیں کر رہی، جس کے باوجود حکومت خیبرپختونخوا نے ایک سالہ اچھی کارکردگی دکھائی ہے جس کی رپورٹ بہت جلد پبلک کی جائے گی انہوں نے کہا کہ کچھ نامعلوم عناصر کروڑوں روپے خرچ کرکے مسلسل بغیر ثبوت کے صوبائی وزراء اور وزیر اعلیٰ کے خلاف کرپشن کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ان کے خلاف پروپیگنڈا ناکام ہونے کے بعد اب وزیر اعلیٰ کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی میں اندرونی احتساب کا عمل جاری ہے، جو کسی اور سیاسی جماعت میں نہیں ہو رہا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو جیل میں قید کر رکھا ہے، ان سے خیبرپختونخوا حکومت کی ایک سالہ کارکردگی ہضم نہیں ہو رہی صوبائی وزیر نے وضاحت کی کہ خیبرپختونخوا حکومت نے گندم کی خریداری وفاقی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر کی ہے اور مقامی کاشتکاروں سے گندم خرید کر صوبے کو 9 ارب روپے کی بچت دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ بچت جرم ہے، تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے۔ وزیر خوراک نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ اب تک نہ وزیر اعلیٰ اور نہ انکے بھائی نے محکمہ خوراک کے امور میں کوئی مداخلت نہیں کی۔ ظاہر شاہ طورو کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے معیاری گندم خریدی ہے اور اگر کسی کے پاس بدعنوانی کے ثبوت ہیں وہ سامنے لے آئے ہم سزا کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے 40 کنال زمین کے الزام کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کو بھی اس کا علم نہیں اور وہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتے ہیں کہ اس الزام میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ اگر ان پر لگایا گیا الزام ثابت ہو گیا، تو وہ ہر قسم کی سزا کے لیے تیار ہیں۔رمضان میں مہنگائی اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء کی تدارک کے حوالے سے ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی میں خصوصی شکایات سیل قائم کیا گیا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں بھی گراں فروشی ہو وہ اس کی نشاندہی کریں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کی کڑی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں