خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کچھ اضلاع اور بالائی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا سامنا رہے گا جب کہ بالائی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ پشاور سمیت صوبے کے دیگر شہر کرم، اورکزئی اور مہمند کے کچھ مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں ہوا کی نمی کا تناسب 22 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبے کے دیگر اہم علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے۔ اُدھر کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جب کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں چترال میں 33، تیمرگرہ میں 39، میرکھنی میں 35، بنوں میں 44، بالاکوٹ میں 38 اور تخت بائی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔
rain in kpk
خیبر پختونخوا میں سردی لوٹ آئی جب کہ بارش اور برف باری کی وجہ سے موسم کی شدت کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر سے وقفے وقفے سے بارش شروع ہوئی، جس سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 4 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور سرد ترین پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اتوار کے روز دن بھر تیز دھوپ رہی تاہم افطار سے کچھ دیر پہلے گہرے بادل چھا گئے اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پچھلے کئی ماہ سے مسلسل خشک موسم کے بعد پچھلے ایک ہفتے سے بارشوں کا موسم جاری ہے۔ اُدھر دیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔ وادی کمراٹ، لواری ٹنل، شاہی بن شاہی، کلپانی، لڑم عشیرئی درہ اور دیگر بالائی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں جب کہ بارش اور برفباری کے بعد بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاوہ ازیں رستم کے علاقے تحصیل بھر اور مضافاتی علاقوں گزشتہ شب سے بارش جاری ہے۔ مسلسل اور موسلادھار بارش سے موسم دوبارہ ٹھنڈا ہوگیا۔ سڑکوں اور نشیبی علاقے مسلسل بارش کی وجہ سے زیر آب آ چکی ہیں۔ پشاور میں گزشتہ شب بارش کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی بھی غائب ہو گئی۔ رات 9 بجے ہوا چلی اور بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی بجلی بند کی گئی جو آج صبح تک بحال نہیں کی گئی تھی۔ بجلی بندش کی وجہ سے شہریوں کو سحری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔