پشاور کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے ترقی اور خوبصورتی کے لئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) ڈیپارٹمنٹ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) یونٹ کے نمائندے، اور سسٹین ایبل انرجی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ (سیڈ) پروگرام کی ٹیم نے شرکت کی۔اجلاس میں تین ماہ کے اندر تفصیلی فزیبلٹی اسٹڈی کرنے اور شہر کی خوبصورتی کے لئے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ ہوا جس میں لینڈ اسکیپنگ، ہارڈ اسکیپنگ، شہری ڈیزائن، اور ماحول دوست اقدامات کرنے و دیگر ترقی شامل ہیں تاکہ پشاور کو شہری معیارات کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔ اس منصوبے میں شہریوں کے لیے پارکس، اور تفریحی علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہر کی تاریخی اور ثقافتی کشش کو اجاگر کرنا بھی شامل ہے تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔اس مطالعے میں داخلی اور خارجی راستوں، سڑکوں، چوکوں، اور گول چکر کی خوبصورتی، نہروں کی دیکھ بال، تشہیری بل بورڈز کے لیے ضوابط، ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کی بہتری، اور بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں تجاوزات کو ہٹانے اور انڈر پاسز اور پلوں کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران، چیف سیکرٹری کو پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تجارتی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی حکمت عملیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد پشاور کو ایک منظم اور پرکشش شہر میں تبدیل کرنا ہے، تاکہ شہر کے باسیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ شہر کی عظمت رفتہ کو بحال کرتے ہوئے پشاور کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکے
Shahab Ali Shah
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون اور بھرپور عزم کا اظہار
ڈپٹی ڈائریکٹر (پولیو) گیٹس فاؤنڈیشن، مائیکل گالوے نے منگل کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، شہاب علی شاہ سے پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ویکسینیشن مہمات کے تسلسل اور عوامی تعاون میں بہتری کے ذریعے کوششوں کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا، کوآرڈینیٹر پراونشل ای او سی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون اور بھرپور عزم کا اظہار کیا
رمضان المبارک میں عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت رمضان ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے اور ان میں مزید بہتری لانے کے لیے دوسرا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک، محکمہ بلدیات کے حکام، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام اضلاع میں اشیائے ضروریہ بالخصوص چینی کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی اور دیگر بنیادی اشیائے خورد و نوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے اور مصنوعی قلت یا قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ آٹے، مرغی، گوشت، دودھ، گھی، بیسن، چاول، دال چنا، آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت تمام ضروری اشیا کی وافر دستیابی یقینی بنائیں۔ مزید برآں، قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے محکمہ خوراک کو 12 بنیادی اشیا کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر چیف سیکرٹری کو رپورٹ پیش کرنے کی پابند بنایا گیا ہے۔ اسی طرح، بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے چیف سیکرٹری متعلقہ اعلیٰ حکام سے خصوصی رابطہ کریں گے۔مہنگائی کا دباؤ کو کم کرنے شفافیت یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں، جو قیمتوں کی نگرانی اور ضابطہ بندی کا فریضہ انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ، ہر تحصیل میں خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھی جا سکے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکا جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام اضلاع میں مخصوص واٹس ایپ نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں شہری قیمتوں میں اضافے یا قلت کی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، ضلعی انتظامیہ نے بازاروں میں نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کی تعیناتی میں رد و بدل کیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامیہ قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے